وزیراعظم: جنگ میں فیصلے فیلڈ مارشل نے میری مشاورت سے کیے
یوتھ ویژن نیوز: (واصب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جھڑپ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو زناٹے دار جواب دیتے ہوئے عملی میدان میں شاندار برتری قائم کی، اور اس پوری کارروائی کے دوران فیلڈ مارشل نے بغیر کسی خوف کے میری مشاورت سے بھرپور اور فیصلہ کن فیصلے کیے جنہوں نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ باغ آزاد کشمیر میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ لمحہ تھا جب دنیا نے دیکھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے، جبکہ امریکی کانگریس کی رپورٹ نے بھی اس بات پر مہر ثبت کردی کہ پاکستان نے نہ صرف بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا بلکہ بھارت کے جدید جنگی طیاروں کو بھی نشانہ بنایا جس کا اعتراف خود امریکی صدر نے بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی مواقع پر بھارتی جہاز گرائے جانے کا ذکر کیا ہے، جس نے بھارتی پروپیگنڈا کو دفن کر دیا اور پاکستان کی فوجی حکمتِ عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا پاک فوج کے کامیاب آپریشنز پر بھرپور خراجِ تحسین
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے باغ میں 137 کنال پر مشتمل دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ تقریباً 800 طلبا و طالبات کو جدید سہولیات کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کرے گا، جس میں کھیلوں کے میدان، ہاسٹل، ڈیجیٹل لائبریری، لانڈری، کیفے اور بچوں اور بچیوں کے لیے علیحدہ کیمپس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دانش اسکولوں کا قیام اس وژن کا حصہ ہے جسے ہم پنجاب سے شروع کرکے اب ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلا رہے ہیں، اور آج آزاد کشمیر میں اس سلسلے کا بڑھنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھمبر میں دانش اسکول کا 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ باغ کے دانش اسکول کا افتتاح 23 مارچ 2026 کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی درخواست پر فارورڈ کہوٹہ میں بھی ایک نیا دانش اسکول تحفے کے طور پر دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ دانش اسکول پاکستان کے ممتاز تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں جہاں غریب و مستحق بچوں کو وہی تعلیمی سہولیات دی جا رہی ہیں جو ملک کی بہترین درسگاہوں میں دستیاب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکول علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ کے اس خواب کی تعبیر ہیں جس میں ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا شامل تھا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں دفاعی میدان کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ مئی کی جنگ کے دوران بری افواج نے الفتح میزائل داغے اور دشمن کی پیش قدمی کو نہ صرف روکا بلکہ اسے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں کیے گئے فیصلے انتہائی جرات مندانہ تھے جو اللہ کے فضل اور قومی یکجہتی کے باعث کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا ہے اور شاہینوں کی کارکردگی نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، جبکہ پوری دنیا پاکستان کی اس کامیابی کا اعتراف کر رہی ہے اور ہمارے لیے گرمجوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی بہادری اور فتوحات کی وجہ سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے اور دنیا میں پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر مضبوط ہوا ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کو دفاعی میدان کی طرح معاشی میدان میں بھی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور ہماری حکومت معیشت کو پائیدار بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے شب و روز کام کر رہی ہے، کیونکہ وہ قومیں جو معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوتیں وہ کبھی دنیا میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن ایسا ضرور آئے گا جب پاکستان قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کر لے گا اور ایک باوقار اور معاشی طور پر مضبوط ملک کے طور پر ابھرے گا۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں گورننس کے مثالی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین سہولتیں اور خدمات فراہم کی جائیں، کیونکہ بہتر گورننس ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ کشمیربنے گا پاکستان اور ہم آزاد کشمیر میں بھی دانش اسکولوں کا یہی معیار قائم کریں گے۔
تقریب سے وفاقی وزیر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کے کونے کونے میں دانش اسکول کا خواب پورا کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ پاکستان کی تعلیمی تاریخ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے بھی وزیراعظم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول ان کی علم دوستی کی واضح مثال ہیں اور ان کے ذریعے علاقے کے ہزاروں بچوں کا مستقبل سنورے گا۔ تقریب میں موجود شرکا نے وزیراعظم کے اعلانات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، دفاع اور معاشی ترقی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوں گے۔