وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کے ذریعے اسپیشل پاور آف اٹارنی کے تحت دائر کی گئی، جس میں وفاقی اور پنجاب کے سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست ایڈووکیٹ سید علی بخاری کے توسط سے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل، گورننس سے متعلق حساس امور اور آئندہ کے فیصلوں پر مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ناگزیر ہے۔ درخواست کے مطابق عمران خان اس وقت سینٹرل جیل اڈیالہ، راولپنڈی میں قید ہیں اور ملاقات کی اجازت کے لیے وزارت داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب سے باضابطہ طور پر رجوع بھی کیا جا چکا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی پالیسی سازی، کابینہ کے فیصلوں اور انتظامی اقدامات میں رہنمائی کے لیے بانی جماعت کی رائے لینا ضروری ہے، کیونکہ وہ پارٹی کے پیٹرن اِن چیف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں فوری طور پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، اور مستقبل میں بھی وقتاً فوقتاً مشاورت کے لیے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا یہ اقدام پارٹی کی اندرونی مشاورت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش ہے، تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی قیدی سے ملاقات کا معاملہ جیل قوانین کے تحت طے پاتا ہے اور عدالت کی اجازت کے بغیر عام طور پر ایسی ملاقات ممکن نہیں ہوتی۔

ذرائع کے مطابق عدالت آئندہ سماعت پر درخواست پر ابتدائی دلائل سنے گی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں