کنگ سلمان ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرکا افغانستان کیلئے دی جانے والی 1920 ٹن اشیاء200 ٹرک پاکستان کے راستے افغانستان روانہ
اسلام آباد۔ (واصب ابراہہیم غوری سے ):کنگ سلمان ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرنے افغانستان کیلئے امدادی پیکج کے حوالے سے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منصوبے کا افتتاح چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کیا جو افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
سعودی عرب کی جانب سے 1920 ٹن غذائی اور غیر غذائی اشیاء لے کر 200 ٹرک پاکستان کے راستے افغانستان روانہ ہو گئے۔ اس منصوبے سے 2 لاکھ 80 ہزار افغان افراد مستفید ہو سکیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30 ہزارغذائی پیکجز اور 10000 غیر غذائی پیکجز کی تقسیم سے افغانستان میں رہنے والے غریب اور مستحق افراد کی مدد ہوگی، سعودی عرب کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہیں، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے اس قسم کے اقدامات اٹھانا انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے افغانی بھائی اس وقت امداد کے منتظر ہیں، عالمی برادری بالخصوص ترقی یافتہ ممالک کو بھی سعودی عرب کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے افغانستان میں امداد کے منتظر لوگوں کی مدد کرنی چاہئے، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے اس قسم کی کاوشوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے سعودی سفیر، کنگ سلمان فاونڈیشن، پرنس سلمان اور کنگ سلمان بن عبدالعزیز کا اس امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، او آئی سی اجلاس بلانے اور اس کے انعقاد میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی اور افغانستان کی مدد کرنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، تمام ممالک کو اس وقت آگے آنا چاہئے اور افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھاتا رہے گا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سامان کی ترسیل میں تعاون فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔ ہر غذائی پیکج میں تمام ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں جبکہ غیر غذائی پیکیج میں 20000 رضائیاں اور 10000 کٹس شامل ہیں۔