الیکشن میں شفافیت ہو،اسی نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں،شبلی فراز

پشاور۔(عمران قذافی سے )وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا نظریہ ہے کہ الیکشن میں شفافیت ہونی چاہیئے ہم اسی نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔اس مرتبہ بلدیاتی انتخابات ماضی کے مقابلے میں مجموعی طور پر بہتر ماحول میں ہوئے ہیں ۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں اور انھیں اوپر لایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کی سطح پر اس امر کا جائزہ لیا جائے گا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہاں کہاں کمی رہ گئی ، اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو بلدیاتی الیکشنز کے حوالے سے تمام معاملات کا جائزہ لیکر اپنی رپورٹ مرتب کرے گی جس کی بنیاد پر آئندہ انتخابات کیلئے حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے نے جن پارٹی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئ ہے ان پر قابو پائیں گے ، پارٹی کے ڈھانچے کو نچلی سطح تک متحرک و مضبوط بنائینگے اور پارٹی ڈسپلن کو مزید بہتر کرینگے ۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس مرتبہ بلدیاتی انتخابات ماضی کے مقابلے میں مجموعی طور پر بہتر ماحول میں ہوئے ہیں اور کم ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ۔انھوں نے کہا کہ اگرچہ تشدد کا ایک واقعہ بھی رونما نہیں ہو نا چاہیئے تھا تاہم چونکہ بلدیاتی انتخابات نچلی سطح تک کے انتخابات ہوتے ہیں اس لئے ان میں تشدد اور تصادم کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا نظریہ ہے کہ الیکشن میں شفافیت ہونی چاہیئے ہم اسی نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں