وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا
اسلام آباد۔ (یاسر ملک سے ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک بار پھر خط لکھا ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔
پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے خط میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بگڑتے ہوئے انسانی حقوق، انسانی صورتحال اور بھارت کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کے ساتھ ساتھ جعلی” فلیگ آپریشن ” کی دھمکیوں سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش مستقل خطرات سے آگاہ اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقہ کار کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت قتل،بیجا اور غیر قانونی گرفتاریوں کے حالیہ واقعات کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مشینری، آزاد این جی اوز اور بین الاقوامی میڈیا نے کشمیری انسانی حقوق، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف بھارتی قابض افواج کی جانب سے بڑھتی ہوئی دھمکیوں، ہراسگی اور انتقامی حملوں کے بارے میں باقاعدگی سے رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے بالخصوص انسانی حقوق کے ایک معروف کارکن خرم پرویز کی حالیہ گرفتاری،جو انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے،کو اجاگر کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم کو روکنے اور تنازعات کے خاتمے کی غرض سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پرامن تصفیے کے لیے تعمیری طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم، یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ رابطوں اور بامعنی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔
]اس مقصد کیلئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینا،کشمیریوں کے خلاف جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو روکنا ہوگا۔وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کو یہ تازہ خط اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے اقوام متحدہ کو آگاہ کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے سے متعلق پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔