راولپنڈی (مبشر بلوچ سے ) – مون سون کی طوفانی بارش سے راولپنڈی میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں
راولپنڈی ( ثاقب غوری سے ) راولپنڈی میں کالی گھٹائیں چھائی اور بادل جم کر برسے جس سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ اڈیالہ کے علاقہ کچی پہاڑی کے قریب چار کچے گھر متاثر ہوئے۔ ایک گھر کی چھت گر گئی جس سے بارہ سالہ ابوبکر جاںبحق ہو گیا۔ ڈھوک سیداں میں تین سالہ اذان نالے میں ڈوب گیا تاہم معجزانہ طور پر زندہ رہا۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک جمعہ میں صبح گلیاں دریا کا منظر پیش کرتی رہی۔ پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ بکرہ منڈی اور کمال آباد کے علاقوں میں بھی ہرطرف پانی ہی پانی نظر آیا۔ اڈیالہ اور لالہ زار کے سنگم پر واقع نالے میں طغیانی کے باعث بارشی پانی پل تک پہنچ گیا جس کے باعث لوگوں کی آمدروفت معطل رہی۔
نیو چک مدد خان حبیب کالونی برساتی نالہ بھپرا تو پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ راولپنڈی میں واسا کا عملہ متحرک ہوا اور اورسڑکوں سے پانی نکالتا رہا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ایم ڈی واسا کے ہمراہ نالہ لئی کا دورہ بھی کیا