گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سےلاہور میں بیلجیئم کے سفیر فلپ برونچین کی ملاقات
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے آج گورنر ہائوس لاہور میں بیلجیئم کے سفیر فلپ برونچین (Philippe Bronchain) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور بلجئیم کے درمیان دو طرفہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کی بحالی اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقی کے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بیلجیئم اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے تجارتی وفود کا تبادلہ ناگزیر ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بیلجیئم کے تاجروں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی میں بھی مدد ملے گی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے سے پاکستان کی یورپ میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کا یورپین ممالک میں پاکستانی برآمدات میں اہم کردار ہے۔
اس موقع پر بیلجیئم کے سفیر فلپ برونچین نے کہا کہ بلجیئم اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھ رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تجارتی تعلقات میں مذید وسعت کے خواہاں ہیں۔