امریکہ، یوم آزادی کی پریڈ میں فائرنگ، 5 ہلاک 16 زخمی
شکاگو: امریکہ میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے ہیں۔ فائرنگ یوم آزاد کے حوالے سے منعقدہ پریڈ میں کی گئی ہے۔
شکاگو سن ٹائمز اور عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالےنےبتایا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ پریڈ میں کی جانے والی فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور وہاں موجود سینکڑوں افراد اپنی اور اہل خانہ کی جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں دوڑ پڑے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اب تک کی اطلاعات کے مطابق ہونے والی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم یہ تعداد حتمی نہیں ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کے فوری بعد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور اس نے وہاں سے لوگوں کی نکلنے میں مدد کرتے ہوئے ہدایت کی وہ کسی بھی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں اور یہاں سے دور چلے جائیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ نے ایک عینی شاہد کے حوالےسے بتایا ہے کہ تقریباً دو درجن کے قریب گولیاں چلنے کی آوازیں اس نے سنی ہیں۔
جائے وقوع پر موجود ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ اس نے تین زخمیوں کو کمبل میں لپیٹ کر اسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھا ہے۔