19جولائی کادن کشمیریوں کے مستقبل کے لئے ایک منزل کاتعین کیا تھا۔
لاہور ( نبیلہ اکبر) مظفرآباد آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ 19جولائی تاریخ کا ایک ایسا دن ہے جب اسلامیان کشمیر کی نمائندہ جماعت آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس نے کشمیریوں کے مستقبل کے لئے ایک منزل کاتعین کیا تھا۔ یہ برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم تحریک اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والے ملک پاکستان کے ساتھ وابستہ ہونے کاحتمی فیصلہ تھا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس نے غازی ملت سردار محمدابراہیم خان کی رہائش گاہ آبی گزرسری نگر پر الحاق پاکستان کی تاریخی قرارداد منظور کی تھی۔ یہ کشمیریوں کا اجتماعی فیصلہ تھا اور اس کا مقصد پاکستان کی تکمیل کر کیک اسلامیان کشمیر کامستقبل محفوظ کرنا تھا۔ قراردادالحاق پاکستان کو تاریخ کشمیر میں وہی حیثیت حاصل ہے جو قراردادپاکستان کو تحریک پاکستان میں حاصل ہے۔