چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات ، دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر اہم تبادلۂ خیال
یوتھ ویژن نیوز : (خصوصی رپورٹ برائے روزنامہ یوتھ ویژن بہاولپور کے سوشل میڈیا ٹیم کےممبر اور یوتھ ایمبسڈر جناب علی رضا غوری سے ) چیئرمین سینیٹ پاکستان، معزز سید یوسف رضا گیلانی نے برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے 68ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس (CPC) کے موقع پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات بارباڈوس کے دارالحکومت برج ٹاؤن میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
برطانوی وفد کی قیادت رکن پارلیمنٹ کیت اوسامور نے کی، جو دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کی چیئر اور برطانوی لیبر پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔ وفد میں لارڈ سید صلاح کمال (شیڈو منسٹر برائے صحت، کنزرویٹو پارٹی)، ڈیوڈ منڈیل (ایگزیکٹو ممبر CPA، کنزرویٹو پارٹی) اور بارونس لنڈسے نارتھ اوور (لبرل ڈیموکریٹس) شامل تھیں۔
پاکستان کی جانب سے اس ملاقات میں سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر محسن عزیز اور اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو اجاگر کیا اور دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کے فریم ورک کے تحت بین الپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا اور اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال، افغانستان میں امن و استحکام، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے برطانوی پارلیمنٹ کو باضابطہ طور پر دعوت دی کہ وہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کرے، جو 11 تا 12 نومبر 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ یہ کانفرنس دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی تاکہ وہ جمہوری اقدار، مؤثر طرزِ حکمرانی، اور جدید دور کے چیلنجز پر تبادلۂ خیال کرسکیں۔
برطانوی وفد نے دولت مشترکہ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے اور جمہوریت، مساوات اور شمولیت جیسے دولت مشترکہ کے اصولوں کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔