ناجائز ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کو قانون کے شکنجے میں جکڑنے کی ہدایت جاری
لودھراں ( فہیم شہزاد ) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ناجائز ذخیرہ اندوزی کے ذریعے اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا کرنے والے عناصر کو قانون کے شکنجے میں جکڑنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ٹھوس کارروائیاں کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر اشیا ء خوردونوش سمیت کھاد کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ افسران ناجائز منافع خور مافیا کے خلاف جنگی بنیادوں پر کارروائیاں کریں۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کھاد ڈیلرز کے گوداموں اور انکے سٹاک رجسٹرز کی جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے فلور ملز کو فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کے کوٹہ کے مطابق سبسڈائزڈ آٹے کی مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ظہیر احمد میو کو فلور ملز سے سرکاری کوٹہ کے آٹا کی کوالٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی سبزیوں کے نرخوں میں نمایاں کمی لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ منڈی میں نیلامیوں کے عمل کی کٹری نگرانی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولٹری کی قمیت میں اتار چڑھاؤ کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا لمپی سکن کے حوالے سے ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کو کھاد کی آمد اور رجسٹرڈ سٹاک کے مطابق فول پروف فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے