ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بڑی پیشرفت،ایف آئی اے کے ہاتھ نئے ثبوت لگ گئے
اسلام آباد ( واصب غوری سے ) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بڑی پیشرفت۔ ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے مزید دو بے نامی اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ان اکاؤنٹس کے دستخط کنندہ ہیں اور یہ اکاؤنٹس عمران خان کی ہی درخواست پر 2011 میں کھولے گئے تھے۔
مذکورہ اکاؤنٹس کو بیرون ملک سے فنڈز منگوانے کیلیے اسلام آباد کے نجی بینک میں کھلوائے گئے جبکہ ان اکاؤنٹس کو الیکشن کمیشن سے بھی چھپائے گئے۔
ذرائع کے مطابق ایک اکاؤنٹ میں 8کروڑ سے زائد رقم باہر سے آئی جبکہ دوسرے اکاونٹ میں بیرون ملک سے 51ہزار ڈالر سے زائد کے فنڈز آئے۔ بے نامی اکاؤنٹس سے رقم پی ٹی آئی کے دوسرے اکاؤنٹس میں منتقلی ہوتی رہی۔
واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے تحقیقات کےلیے تحریک انصاف کیخلاف 5 مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی ہیں۔
حکام ایف آئی اے کے مطابق تحریک انصاف کیخلاف پانچ مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی گئی ہیں اور یہ انکوائری کمیٹیاں لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں کام کریں گی۔
حکام ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی سے متعلقہ ریکارڈ مانگا جائے گا، جب کہ پانچوں ٹیموں کو ہیڈکوارٹر میں ایک بڑی کمیٹی سپروائز کرے گی۔
خیال رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کا ایک حصہ تحریک انصاف کے بے نامی اور غیر اعلانیہ اکاؤنٹس پر مرکوز تھا۔
ای سی پی کے تین رکنی بینچ نے 2 اگست کو سنائے گئے فیصلے میں لکھا کہ ان میں سے دو اکاؤنٹس اسلام آباد کے ایک نجی بینک میں کھولے گئے تھے۔ ای سی پی نے اپنے 70 صفحات پر مشتمل فیصلے میں دو غیر اعلانیہ اکاؤنٹس میں سے ایک اور پی ٹی آئی کے اعلان کردہ اکاؤنٹ کے درمیان منتقلی کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں۔