جعفر ایکسپریس ایک بار پھر دہشتگردی کا شکار، شکارپور کے قریب دھماکہ، 6 مسافر زخمی
یوتھ ویژن نیوز : ( نمائدہ خصوصی امجد محمود بھٹی سے) شکارپور: جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ایک بچی سمیت چھ مسافر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جعفر ایکسپریس جیسے ہی سلطان کوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی، ریلوے لائن کے نیچے زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ ٹریک کی بحالی کا کام مکمل کیا جا سکے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس اور ریلوے حکام نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ جعفر ایکسپریس پر حملوں کی طویل سلسلے کی ایک اور کڑی ہے۔ ماضی میں بھی بلوچستان ریلوے لائن پر متعدد بار دہشتگرد حملے کیے جا چکے ہیں جن کا مقصد مسافروں میں خوف و ہراس پھیلانا اور ریلوے سروس کو نقصان پہنچانا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ٹریک کی مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بحال کر دی جائے گی، تاہم مکمل بحالی میں چند گھنٹے لگ سکتے ہیں۔