این اے 245 کراچی میں ضمنی الیکشن کے لیے انتظامات مکمل
یوتھ ویژن نیوز ( واصب غوری سے ) کراچی این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیےانتظامات مکمل کرلیے گئے، عملہ اور انتخابی سامان پولیس سکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز پہنچا دیا گیا۔
کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن کے معرکہ کے لیے کل ہونیوالی پولنگ کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ تمام 263 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے، کچھ پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہوگی، سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگیں گے حلقے میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات بھی دیدئیے گئے۔
1052 پولنگ بوتھ پر 5 لاکھ 15 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔ پولیس کے دس ہزار اہلکار ضمنی الیکشن میں سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔
یہ بھی پرھیں: پنجاب پولیس کا واٹس ایپ نمبر متعارف کروانے کا فیصلہ
این اے 245 میں خداداد کالونی، عیسی نگری، پی آئی بی، مسلم آباد، لائنزایریا، جٹ لین، پاکستان کوارٹرز نشتر بستی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے محمود مولوی، ایم کیو ایم کے معید انور، تحریک لبیک کے محمد احمد رضا، آزاد امیدوار فاروق ستار اور پی ایس پی کے حفیظ الدین سمیت 17 امیدوار مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق صبح 8 سے شام 5 بجے تک پولنگ بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹرز پر موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں لانے پر پابندی ہوگی۔
پریذائیڈنگ افسر کو مجسٹریسی اختیارات حاصل ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر موجود ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ڈی واٹرنگ پمپ کے انتظام کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔