عالمی بینک کی پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری

“عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی“

یوتھ ویژن نیوز : (عمر اسحاق چشتی سے) عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی۔

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے، جسے معیشت کے استحکام اور عوامی خدمات کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ رقم پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوژو ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد میکرو اکنامک نظم و نسق کو مضبوط بنانا ہے۔

عالمی بینک کے مطابق مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر کی فنانسنگ مرحلہ وار دی جائے گی، جن میں موجودہ مرحلے میں 600 ملین ڈالر وفاقی حکومت اور 100 ملین ڈالر سندھ کے لیے مختص ہیں۔ تاہم فنڈز کی فراہمی اصلاحاتی اہداف کی تکمیل سے مشروط ہوگی، جن میں ٹیکس اصلاحات، مالی شفافیت اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا ہے۔

بینک حکام کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی سے ہم آہنگ ہے، جس سے معاشی اصلاحات کو تقویت ملے گی۔ خاص طور پر صحت اور تعلیم جیسے شعبوں میں بہتری کی توقع ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ معاونت پاکستان کو موجودہ معاشی دباؤ سے نکلنے اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں