مردان: الیکشن کمیشن اہلکاروں کے لیے ریسکیو1122 کا فرسٹ ایڈ تربیتی سیشن کا انعقاد
یوتھ ویژن نیوز : (ندیم چشتی سے) ریسکیو1122 مردان نے الیکشن کمیشن اہلکاروں کے لیے ایک روزہ فرسٹ ایڈ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں سی پی آر اور ہنگامی طبی امداد کی عملی تربیت دی گئی۔
پشاور: ریسکیو1122 مردان ٹریننگ ونگ کی جانب سے الیکشن کمیشن آفس مردان کے اہلکاروں کے لیے ایک روزہ فرسٹ ایڈ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان ریسکیو1122 مردان کے مطابق اس تربیتی پروگرام کا مقصد اہلکاروں کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل کے قابل بنانا تھا۔
ٹریننگ کے دوران ماہر ٹرینرز نے شرکا کو مختلف ہنگامی حالات جیسے کہ سی پی آر، خون بہنے کی صورت میں فوری اقدامات، بے ہوشی، ہڈی ٹوٹنے، جلنے، سانس رکنے، گھٹن اور دیگر حادثات میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی عملی تربیت دی۔ شرکا نے تربیتی سیشن میں عملی مشقیں کرتے ہوئے ہنگامی صورت حال میں فوری اقدامات کرنے کی مہارت حاصل کی۔
ترجمان ریسکیو1122 نے کہا کہ یہ تربیتی سیشن بنیادی فرسٹ ایڈ مہارتوں اور آگاہی میں اضافہ کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا تاکہ اہلکار اپنی ذمہ داریوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور مؤثر ردعمل دکھا سکیں۔ اس طرح کی تربیت سرکاری اداروں میں ایمرجنسی رسپانس کی استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔