رانا مشہود احمد خاں کی لندن میں برٹش ای سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات
یوتھ ویژن نیوز : (فیضان خان سے) وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے لندن میں برٹش ای سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چیسٹر کنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ، پالیسی سازی اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان کی ای سپورٹس پالیسی کی تشکیل میں معاونت پر برٹش ای سپورٹس کا شکریہ ادا کیا اور حکومتِ پاکستان اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کی درخواست پر برٹش ای سپورٹس کی جانب سے نمائندہ پاکستان بھیجنے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان میں ای سپورٹس کے شعبے کو منظم خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین پی ایم وائی پی نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے تعلیم اور روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ ای سپورٹس کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی تعاون اور ٹورنامنٹس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
رانا مشہود احمد خاں اور برٹش ای سپورٹس کے درمیان ملاقات
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام سے اس شعبے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا اور ای سپورٹس نوجوانوں کے لیے کیریئر، مہارتوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ای سپورٹس کے ذریعے پاکستان کا مثبت عالمی تشخص مزید مضبوط ہوگا، جبکہ چیسٹر کنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔