پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا اہم بیان
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے)اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ ممکنہ حد تک کم رکھا جائے اور ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قائم کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں موجود ایندھن کے ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں جبکہ مختلف بندرگاہوں کی جانب آنے والے کارگو جہازوں کے ذریعے مزید ایندھن کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپلائی چین کے لاجسٹک نظام کو مؤثر انداز میں چلایا جا رہا ہے اور آئندہ ہفتے کے دوران بھی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے مناسب انتظامات موجود ہیں۔
پیٹرول مزید مہنگا ہونے کی خبر غلط، وزارت خزانہ کی وضاحت سامنے آگئی
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق عالمی توانائی منڈیوں میں اس وقت نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے باعث خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں ہو رہی ہیں، تاہم بروقت منصوبہ بندی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے پاکستان میں سپلائی کی صورتحال کو مستحکم رکھا گیا ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور ریفائن شدہ مصنوعات کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی ارکان نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ عالمی منڈی میں ممکنہ تبدیلیاں پاکستان کی معیشت اور توانائی کے شعبے پر کس حد تک اثر انداز ہو سکتی ہیں اور ان کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کن پالیسی اقدامات کی ضرورت ہو سکتی ہے۔