نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ، سمری صدر کو ارسال
یوتھ ویژن نیوز : (سرکاری ذرائع) اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنمانہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے تقرری کی باقاعدہ سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان کو ارسال کر دی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں بطور گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد پیش کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان کی جانب سے سمری پر دستخط ہوتے ہی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد نہال ہاشمی گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ یاد رہے کہ نہال ہاشمی کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے اور وہ طویل عرصے سے پارٹی کے سرگرم اور وفادار رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ سیاسی حلقوں کے مطابق ان کی بطور گورنر سندھ تقرری کو صوبے میں مسلم لیگ ن کے سیاسی اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔