گورنر سندھ نامزد ہونے پر نہال ہاشمی کا پہلا بیان سامنے آگیا
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے) کراچی میں مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے گورنر سندھ نامزد ہونے کے بعد اپنا پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس اعتماد پر اللہ کے شکر گزار ہیں اور اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں نہال ہاشمی نے کہا کہ وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کے بھی شکر گزار ہیں اور حلف برداری کے بعد اپنی ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے عوام کو آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری کے لیے تقرری کی سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی ہے۔
دوسری جانب موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے مسائل پر ان کی آواز آئندہ بھی اسی طرح بلند ہوتی رہے گی اور اگر انہیں چھیڑا گیا تو وہ خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ انہیں کس نے اور کس کے کہنے پر ہٹایا۔
” کس نے ہٹایا اور کس کے کہنے پر ہٹایا سب جانتا ہوں“ — کامران ٹیسوری کا ردعمل
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ کوئی بھی شخص ہمیشہ کسی منصب پر نہیں رہتا تاہم وہ گونگا، بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھے اور نہ ایسا بننا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ منصب سنبھالتے وقت انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اللہ کی رضا کے لیے کام کریں گے اور کراچی کے عوام کے مسائل اجاگر کرتے رہیں گے۔ کامران ٹیسوری نے نہال ہاشمی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی یہ خبر ٹی وی پر دیکھی ہے اور امید کرتے ہیں کہ گورنر ہاؤس میں شروع کیے گئے عوامی اقدامات کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کراچی کے عوام، تاجر برادری، علما اور اقلیتی برادری کی بھرپور حمایت حاصل رہی ہے اور وہ شہر کے مسائل پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گل پلازہ کے معاملے پر آواز اٹھانے یا کراچی بچاؤ کانفرنس منعقد کرنے کی وجہ سے انہیں سزا دی گئی ہے تو وہ پھر بھی یہ کام جاری رکھیں گے کیونکہ کراچی کے مفاد کے لیے بات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ان سے خوفزدہ رہیں کیونکہ وہ کئی ایسے راز جانتے ہیں تاہم پاکستان کی معاشی مضبوطی کے لیے وہ سیاسی زبان بند رکھنا بہتر سمجھتے ہیں۔