مریم نواز کا لائیو اسٹاک پروگرام: کہروڑپکا کی مستحق خواتین میں مویشیوں کی تقسیم

کہروڑپکا میں اسسٹنٹ کمشنر اصغر اقبال لغاری اور شاہ محمد جوئیہ مستحق خواتین میں مفت گائے اور بھینسیں تقسیم کر رہے ہیں۔

یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "انقلابی لائیو اسٹاک پروگرام” کے تحت کہروڑپکا میں دیہی خواتین کی معاشی بحالی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شفاف ترین انداز میں 195 مستحق خواتین میں مویشی (گائے اور بھینسیں) بطور اثاثہ تقسیم کیے گئے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دیہی خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اصغر اقبال لغاری، سابق ایم پی اے شاہ محمد جوئیہ اور ایڈیشنل سیکرٹری فاروق قمر تھے۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد یوسف، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اللہ بچایا سیال اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر اصغر اقبال لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب خواتین کی معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے، جہاں مستحقین کو نہ صرف مفت مویشی دیے جا رہے ہیں بلکہ انہیں چارے کی خریداری کے لیے نقد رقم بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا انقلابی قدم: لودھراں میں مستحق خواتین میں مویشیوں کی تقسیم، معاشی خود مختاری کا آغاز

سابق ایم پی اے شاہ محمد جوئیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا یہ منصوبہ دیہی علاقوں سے غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دیہی معیشت کی مضبوطی کے لیے لائیو اسٹاک سیکٹر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مویشی حاصل کرنے والی خواتین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس سے ان کے گھروں میں خوشحالی آئے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ان مویشیوں کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں مستقل رہنمائی فراہم کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں