حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ضلع لودھراں میں سبسڈائزڈ آٹے کی یومیہ فراہمی میں خاطر خواہ اضافہ
یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) حکومت پنجاب کی واضح ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع لودھراں میں سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو سستے آٹے کی مسلسل اور وافر دستیابی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر لودھراں سید ندیم عباس کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ضلع بھر میں آٹے کی سپلائی میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو حکومتی پالیسی کے مؤثر نفاذ کا عملی ثبوت ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ضلع لودھراں میں 10 کلوگرام آٹے کے مجموعی طور پر 15 ہزار 850 تھیلے جبکہ 20 کلوگرام آٹے کے 3 ہزار 165 تھیلے یومیہ فراہم کیے گئے، جس سے آٹے کی دستیابی کے حوالے سے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملا۔
لودھراں بدلنے لگا، مریم نواز کے ویژن پر شہر کی بیوٹیفکیشن، جدید لائٹس اور ماڈل مارکیٹ کا اعلان
اعداد و شمار مزید ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ ہفتے کے دوران روزانہ کی اوسط سپلائی میں بھی اضافہ ہوا، جہاں 10 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کی یومیہ اوسط سپلائی 2 ہزار 264 جبکہ 20 کلوگرام تھیلوں کی یومیہ اوسط 452 رہی۔ فوڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آج 13 جنوری کو آٹے کی فراہمی کو مزید مستحکم بناتے ہوئے 10 کلوگرام آٹے کے 3 ہزار 375 اور 20 کلوگرام آٹے کے 1 ہزار 75 تھیلوں کی مسلسل یومیہ سپلائی یقینی بنائی گئی ہے، تاکہ طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید ندیم عباس نے بتایا کہ مجموعی طور پر 10 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کی سپلائی میں 50 فیصد جبکہ 20 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کی سپلائی میں 130 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق سستے آٹے کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کم آمدن والے طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
عوام کی سہولت کے لیے ضلع لودھراں بھر میں 96 فئیر پرائس شاپس کو فعال رکھا گیا ہے، جہاں آٹا حکومت پنجاب کے مقررہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق ضلع میں 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 905 روپے جبکہ 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین کو واضح مالی ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔
فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے تمام فلور ملز کو بھی پابند کر دیا ہے کہ وہ مقررہ معیار، درست وزن اور سرکاری نرخ کے مطابق آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آٹے کی سپلائی، قیمت اور معیار پر مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ حکومت پنجاب کے ریلیف اقدامات کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچ سکے۔