لودھراں نیو سٹیڈیم میں فلڈ لائٹ کرکٹ فائنل، کھلاڑیوں میں انعامات
یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) لودھراں نیو سٹیڈیم میں فلڈ لائٹ ٹیپ بال کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل منعقد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
لودھراں کے نیو سٹیڈیم میں جاری فلڈ لائٹ کرکٹ ٹیپ بال چیمپئن شپ کا فائنل میچ منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر سولہ ٹیموں نے حصہ لیا اور کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، مہارت اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فائنل مقابلہ شائقینِ کرکٹ کے لیے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا۔ فائنل میچ کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیومحمد طیب مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، جذبے اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت اور ٹیم ورک جیسی اہم خصوصیات کو فروغ دیتے ہیں جو بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم کیے اور منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
لودھراں میں عیدالفطر سے قبل صفائی پلان
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت لودھراں کے نیو سٹیڈیم میں رمضان المبارک کے موقع پر بین الاضلاعی ملتان ماس ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 بھی شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور طاقت، مہارت اور عزم کا قابلِ دید مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے یہ مقابلے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس وژن کی عملی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور معاشرے میں صحت مند کھیلوں کی روایت کو فروغ دینا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں اور ان میں نظم و ضبط، برداشت اور قیادت جیسی مثبت خصوصیات کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔
چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں محکمہ کھیل لودھراں کے افسران اور عملے نے بھرپور کردار ادا کیا جبکہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرساجد محمود کی نگرانی میں تمام انتظامات احسن انداز میں مکمل کیے گئے۔ اس موقع پر پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے صدر نواب فرقان خان بھی موجود تھے اور تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔