فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، مضبوط اور عوام دوست پولیس فورس پر زور

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نیشنل پولیس اکیڈمی میں گروپ فوٹو

یوتھ ویژن نیوز : (راولپنڈی) چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ داخلی سلامتی کے مؤثر قیام، قانون کی حکمرانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ایک مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس ناگزیر حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس کسی بھی ریاست کا اولین حفاظتی حصار ہوتی ہے اور امن و امان کی پائیداری براہ راست پولیس کی صلاحیت اور عوامی اعتماد سے جڑی ہوتی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے دورے کے موقع پر انسپکٹرز جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جیز اور سینئر پولیس افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ داخلی سلامتی کے چیلنجز، دہشت گردی، جرائم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو درپیش پیچیدہ صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

نیشنل پولیس اکیڈمی پہنچنے پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں ایک چاق و چوبند پولیس دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی، منظم جرائم اور داخلی سلامتی کے خطرات کے مقابلے میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ہر مشکل دور میں فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے ریاست کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پولیس کی ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہ قربانیاں ملکی تاریخ کا روشن باب ہیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو اسکول فار ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا انفورسمنٹ ڈیولپمنٹ، پولیس کی تربیتی سرگرمیوں، استعداد کار میں اضافے، جدید پولیسنگ کے تقاضوں اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے بدلتے ہوئے سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے ملاقات بھی کی، جس میں انہوں نے شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پولیس کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید پولیسنگ، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قانون کی یکساں عملداری ہی عوامی اعتماد کے فروغ کی بنیاد ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان قائم رکھنا اور قانون نافذ کرنا پولیس کی مقدس ذمہ داری ہے، اور مسلح افواج پاکستان ایک بہادر اور باوقار پولیس فورس کے ساتھ ہر سطح پر مکمل تعاون جاری رکھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا مضبوط ڈھانچہ سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔

اس موقع پر سینئر پولیس قیادت نے پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور دورِ حاضر کے سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورے کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں