وفاقی کابینہ کا اجلاس، پی آئی اے نجکاری اور پالیسی فیصلے منظور

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، پی آئی اے نجکاری سمیت بڑے فیصلے منظور

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، پی آئی اے نجکاری سمیت بڑے فیصلے منظور ہوگئے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملکی ترقی، خوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ پرامن ڈائیلاگ کے اصولی مؤقف پر قائم ہے، تاہم سیاسی مذاکرات کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے اس موقع پر انڈر 19 کرکٹ چیمپین شپ جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد بھی پیش کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کو بتایا کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی شفاف، مستند اور قابلِ اعتبار نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں میں اصلاحات اور شفافیت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پی آئی اے کی کامیاب بڈنگ پر اظہار تشکر، قوم کو مبارکباد

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گرڈ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 میں توسیع کی منظوری دی، جس کے تحت تیسرے فریق کے ذریعے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت بھی شامل کی جائے گی، کابینہ نے پبلک ٹینڈرنگ اور پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002 میں ترامیم کی اصولی منظوری بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025 کے بل کی تنسیخ کی منظوری دی، جبکہ قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے مؤثر مشاورت کے مقصد سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی، اجلاس میں نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی 2025 کی منظوری دی گئی جس کا مقصد فارماسوٹیکل اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں نباتاتی پودوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری بھی دے دی، جس کا مقصد بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے شفاف اور محفوظ طریقہ کار کے تحت ویزا کے حصول کو آسان بنانا ہے، اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے اکتوبر اور نومبر 2025 کے اجلاسوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں