ڈی سی بہاولنگر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ادویات اور سہولیات کا جائزہ
یوتھ ویژن نیوز : بہاولنگر(ملک صفدر ضیاء سے) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈی سی بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی سی بہاولنگر نے ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کے نظام، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری، اور ادویات کی فراہمی سے متعلق امور کی جانچ کی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ مریضوں کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مفت اور معیاری ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈی سی بہاولنگر نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو بروقت اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہسپتال انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
دورے کے دوران ہسپتال کے انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دی گئیں کہ مریضوں کی سہولت، علاج کے معیار اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔