بہاولنگر سول ڈیفنس کی کارکردگی: غیر قانونی کاروبار اور فائر سیفٹی میں اقدامات
یوتھ ویژن نیوز : (ملک صفدرضیاء سے) بہاولنگر سول ڈیفنس نے 2025 میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی اور فائر سیفٹی میں بہتری کے لیے اقدامات کیے، عوام کو تربیت اور آگاہی فراہم کی۔
بہاولنگر: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر/کنٹرولر سول ڈیفنس ذوالفقار احمد بھون کے احکامات کی روشنی میں محکمہ سول ڈیفنس بہاولنگر نے سال 2025ء کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنز میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور گیس ریفلنگ کے خلاف 469 ایف آئی آر درج کروائی گئیں، جبکہ کمرشل اور انڈسٹری اداروں میں 3354 انسپکشن کی گئیں۔ فائر سیفٹی کے انتظامات نہ ہونے پر 74 اداروں کے چالان اور 1,071,500 روپے جرمانہ قومی خزانے میں جمع کروایا گیا۔
ڈی سی بہاولنگر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ادویات اور سہولیات کا جائزہ
سول ڈیفنس آفیسر خواجہ عاشق حسین نے مالکان کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی کے انتظامات فوری مکمل کریں اور غیر قانونی کاروبار سے گریز کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آگاہی مہم کے تحت مختلف سیمینارز، ورکشاپس اور واک ریلیز منعقد کی گئیں، جبکہ 17 موک ایکسرسائز میں شرکت بھی کی گئی۔ عوام میں آگ سے بچاؤ کی آگاہی کے لیے 2,500 پمفلٹس اور تعلیمی لٹریچر تقسیم کیے گئے۔
ٹریننگ کے حوالے سے سال 2025 میں ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں، کمرشل اور انڈسٹری اداروں میں حادثات سے بچاؤ کی تربیت دی گئی، جس میں تقریباً 8,515 طلباء و طالبات، 1,133 انڈسٹری ورکرز اور سرکاری عملہ شامل رہا۔ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 1,323 مقامات پر تکنیکی سرچنگ اور سویپنگ کی، اور 3 تھریٹ کالز بروقت نمٹائیں۔
سول ڈیفنس آفیسر نے بتایا کہ سال 2026 میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے سول ڈیفنس کوشاں ہے۔ عوام بطور رضاکار VCD.HOME.GOP.PK لنک کے ذریعے شامل ہو کر مفت سیفٹی ٹریننگ حاصل کر سکتے ہیں، کیونکہ سول ڈیفنس ٹریننگ ہر فرد کے لیے لازم ہے۔