انڈر 19 ایشیا کپ چیمپئنز سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور اس فتح کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے نوجوان کرکٹرز کے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور میدان میں جدوجہد کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت، محنت اور لگن کی واضح عکاس ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور کھیل کے میدان کے اندر اور باہر ملک کے سفیر کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کے مستقبل کی بنیاد ہیں اور ان کی توانائی، کردار اور صلاحیت قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انڈر 19 ٹیم کے ارکان نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پذیرائی ان کے لیے مزید بہتر کارکردگی کا محرک بنے گی۔