فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ کی ملاقات، پاک۔کویت دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر اہم تبادلۂ خیال
یوتھ ویژن نیوز : (راولپنڈی)- چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطیری بھی موجود تھے۔
علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور پاکستان و کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے کردار کو سراہا گیا
کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری کوششوں، علاقائی سلامتی کے فروغ میں اس کے مثبت کردار اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور خطے میں امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
مشترکہ وژن کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے ساتھ پاکستان کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے پاک۔کویت تعلقات کو مزید وسعت دینے، دفاعی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔