فچ نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی رپورٹ جاری کر دی
یوتھ ویژن نیوز : (شیزاد چوہدری سے) فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بی نیگٹو برقرار رکھتے ہوئے گورننس اسکور کمزور قرار دے دیا، آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر پر وارننگ۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے ملک کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ بی نیگٹو برقرار رکھی ہے جبکہ آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لیے ریکوری ریٹنگ بھی مقرر کر دی گئی ہے اور سرمایہ کاروں کو ڈیفالٹ کی صورت میں 31 سے 50 فیصد تک رقم واپس ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں : ایشیاپاک کا پاکستان پر اعتماد، مزید 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان
فچ نے کہا کہ حکومتی قرضوں اور سود کی ادائیگیوں کا زیادہ بوجھ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ پر دباؤ کا باعث بن رہا ہے اور اگر اس میں کمی نہ کی گئی تو مستقبل میں ریٹنگ مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور ادارہ جاتی معیار کے حوالے سے پاکستان کا گورننس اسکور کمزور قرار دیا گیا ہے، جبکہ عالمی بینک کے گورننس انڈیکس میں پاکستان 22 فیصد کی سطح پر موجود ہے جو کمزور حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔ فچ نے خبردار کیا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف پروگرام میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا بیرونی مالی دباؤ میں اضافے کی صورت میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔