میرے ساتھ کچھ ہوا تو ایران کو اڑا دیا جائے گا، صدر ٹرمپ کا ایران کو انتباہ
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق سخت اور غیر معمولی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔
عالمی اقتصادی فورم سے خطاب اور بعد ازاں ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے انہیں مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جس کے بعد انہوں نے امریکی سکیورٹی اداروں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا عالمی معیشت کا بنیادی انجن ہے اور ان کی صدارت میں امریکی معیشت ترقی کر رہی ہے جبکہ مہنگائی پر قابو پا لیا گیا ہے۔
انہوں نے یورپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہجرت نے یورپ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور بعض علاقے اب شناخت کے قابل نہیں رہے۔ صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے وہاں دفاعی اقدامات کیے اور قومی سلامتی کے لیے گرین لینڈ کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی دھمکیوں پر پہلے ہی سخت ردعمل دیا جانا چاہیے تھا۔ صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات نے عالمی سطح پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔