ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ، طلبہ و اساتذہ سے خطاب
یوتھ ویژن نیوز : (خصؤصی رپورٹ برائے علی رضا سے) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ، طلبہ و اساتذہ سے خطاب، قومی و علاقائی امور پر گفتگو۔
بہاول پور: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ کیا جہاں مرکزی آڈیٹوریم میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور بہاول پور ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے اساتذہ، طلبہ و طالبات سے تفصیلی اور بصیرت افروز خطاب کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف، سینئر فیکلٹی اور طلبہ و طالبات نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ وائس چانسلر نے انہیں اجرک پیش کی اور طلبہ نے پھولوں کے گلدستے نچھاور کیے۔ اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تحریک پاکستان اور استحکام پاکستان میں نوابینِ بہاول پور اور ریاست بہاول پور کی تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواب آف بہاول پور نے قیام پاکستان کے بعد نوزائیدہ ریاست کو بے مثال وسائل فراہم کیے، جو قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔
مزید پڑھیں : وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات سے ملاقات
انہوں نے کہا کہ خطہ بہاول پور بالخصوص اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، جو سو سالہ علمی روایت کی حامل ہے، پاکستان میں نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کا ایک مضبوط اور معتبر مرکز ہے۔ خطاب کے دوران انہوں نے قومی و علاقائی صورتحال، معرکۂ حق بنیان المرصوص، پاک افغان تعلقات اور عالمی امن کے لیے پاک فوج کے کردار پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے باعثِ فخر اور خوشی ہے، جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سول ملٹری اشتراک کے تحت مختلف قومی منصوبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ میں شرکت اور بہاول پور کور کے تعاون سے منعقدہ پہلی ٹیک ایکسپو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان روابط سے جدید سائنسی تحقیق اور قومی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ ملا ہے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو سو سالہ تقریبات کی شیلڈ پیش کی، جبکہ طلبہ و طالبات نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور بڑی تعداد میں ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔