پاکستانی صنعتی شعبے میں تاریخی بحالی، مینوفیکچرنگ سیکٹر بلند ترین سطح پر پہنچ گی
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) پاکستان کے صنعتی شعبے میں تاریخی بحالی، مینوفیکچرنگ سیکٹر بلند ترین سطح پر، کاروباری اعتماد اور روزگار کے مواقع میں اضافہ۔
اسلام آباد: پاکستان کے صنعتی شعبے میں نمایاں اور پائیدار بحالی کا آغاز ہو گیا ہے، جس سے ملکی معیشت میں استحکام اور خوشحال مستقبل کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔ ایس آئی ایف سی کی مربوط معاشی اصلاحات کے ثمرات واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، اور مینوفیکچرنگ سیکٹر نئی توانائی کے ساتھ متحرک ہو گیا ہے۔ پاکستان کا مینوفیکچرنگ شعبہ فروری 2025 کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جس کی تصدیق پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس (PMI) کے تازہ اعداد و شمار سے ہوتی ہے۔
پاکستانی صنعتی شعبے میں تاریخی بحالی، مینوفیکچرنگ سیکٹر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
حبیب بینک لمیٹڈ اور ایس اینڈ پی گلوبل کی رپورٹ کے مطابق، دسمبر 2025 میں پاکستان کا مینوفیکچرنگ پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس 52.8 تک پہنچ گیا، جو مسلسل توسیع کی واضح علامت ہے۔ گزشتہ نو ماہ میں نئے آرڈرز کی بلند ترین سطح نے ملکی پیداواری طلب میں نمایاں بہتری کا عندیہ دیا ہے، جس سے صنعتی شعبے میں اعتماد بحال ہوا ہے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ یہ بڑھتی ہوئی طلب ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد اور سرمایہ کاری میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
پاکستانی صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں مسلسل دوسرے ماہ بھی جاری ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صنعتی شعبہ مزید استحکام کی جانب گامزن ہے۔ کاروباری اعتماد جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، اور اس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے رجحانات میں اضافہ ہوا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف صنعتی پیداوار میں اضافہ ظاہر کرتی ہے بلکہ ملک میں روزگار کے مواقع میں بھی خاطر خواہ بہتری لائی ہے۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ صنعتی شعبے میں یہ مثبت پیش رفت ایس آئی ایف سی کی مؤثر معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی وژن کا عملی ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقل اور مربوط معاشی اصلاحات ملکی معیشت کے استحکام اور صنعتی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، اور پاکستان کی مینوفیکچرنگ صنعت کی بڑھتی ہوئی کارکردگی مستقبل میں معاشی خوشحالی کی بنیاد مضبوط کرے گی۔