بہاول پور میں حضرت علیؓ کا یومِ ولادت ! پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی تقریب

“بہاول پور میں حضرت علیؓ کے یومِ ولادت کی تقریب میں مقررین خطاب کر رہے ہیں اور سول سوسائٹی کے ممبران موجود ہیں”

یوتھ ویژن نیوز : (عمران قذافی سے) پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاول پور ڈویژن کی جانب سے حضرت علیؓ کے یومِ ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ملک اللہ بخش کلیار نے کہا کہ حضرت علیؓ کی زندگی انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے اور ان کی تعلیمات آج کے دور میں سماجی انصاف، برداشت اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

تقریب میں مقررین نے مولودِ کعبہ کی حیاتِ طیبہ، علم و حکمت، عدل و انصاف، شجاعت اور اسلامی معاشرت میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ سماجی رہنما و ماہر طب ڈاکٹر عبدالقیوم لانگ نے کہا کہ حضرت علیؓ نے اسلام کے ابتدائی دنوں میں سرورِ کونین حضرت محمد ﷺ کی قوت بن کر جنگوں میں بہادری کے جوہر دکھائے۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس میاں عتیق احمد نے بھی حضرت علیؓ کو علم، شجاعت، تقویٰ، عدل اور سخاوت کا مجسم پیکر قرار دیا۔

تقریب کی نظامت آغا صدف مہدی نے کی جبکہ جام اسد لاڑ، سید تنصیر الحسن ترمذی، راجہ شفقت محمود، ڈاکٹر رضوان، ارم طاہر، عائشہ علی، ڈاکٹر معظم درانی، سردار محمد احمد خان جوئیہ اور سول سوسائٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں