پنجاب میں ای بز پورٹل نے نیا سنگِ میل عبور کرلیا
یوتھ ویژن نیوز : ( ملک صفدر ضیاءسے) بہاولنگر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل گورننس ویژن کے تحت قائم ای بز پورٹل نے ایک اور انتظامی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں پورٹل پر دستیاب سروسز کی تعداد بڑھ کر 204 ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات تک آسان اور بروقت رسائی فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں ای بز پورٹل کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے ای بز پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں اور ان پر کارروائی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ ای بز پورٹل کے مؤثر استعمال سے سرکاری دفاتر میں رشوت اور سفارش کے رجحانات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے، جبکہ انتظامی افسران کو عوام کے لیے مزید سہولتیں پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر مقررہ 15 دن کے اندر درخواستوں کو نمٹانے والے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔