وزیراعظم شہباز شریف کا پی آئی اے کی کامیاب بڈنگ پر اظہار تشکر، قوم کو مبارکباد
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف کا پی آئی اے کی کامیاب بڈنگ پر اظہار تشکر، قوم کو مبارکباد۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کے لیے کامیاب بڈنگ کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے، وزیراعظم نے اس پیش رفت کو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، ان کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا عمل نہایت شفاف رہا اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنی اصلاحاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہا کہ معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں پی آئی اے اور دیگر ریاستی اداروں کی نجکاری کلیدی کردار ادا کرے گی۔
پی آئی اے کی نجکاری مکمل، عارف حبیب گروپ نے 135 ارب کی بولی جیت لی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی کامیاب نجکاری سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، خواجہ آصف، مشیر برائے نجکاری محمد علی، نجکاری کمیشن اور متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔