پی آئی اے کی نجکاری مکمل، عارف حبیب گروپ نے 135 ارب کی بولی جیت لی
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) پی آئی اے کی نجکاری مکمل، عارف حبیب گروپ نے 135 ارب کی بولی جیت لی۔
اسلام آباد میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے جاری نیلامی کے دوسرے مرحلے میں عارف حبیب گروپ نے 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر کامیابی حاصل کر لی۔ نیلامی کا آغاز 115 ارب روپے کی بنیادی قیمت سے ہوا، جس کے دوران دونوں ممکنہ خریداروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
نیلامی کے دوران لکی سیمنٹ کنسورشیم نے اپنی ابتدائی بولی میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 120.25 ارب روپے تک پہنچایا، جس کے جواب میں عارف حبیب گروپ نے 121 ارب روپے کی بولی دی۔ بعد ازاں دونوں کنسورشیمز نے باہمی مشاورت کے لیے 30 منٹ کا وقفہ کیا۔
پی آئی اے نجکاری میں بڑی پیش رفت
وقفے کے بعد مقابلہ مزید سخت ہو گیا، جب لکی کنسورشیم نے 134 ارب روپے کی بولی لگائی، تاہم حتمی مرحلے میں عارف حبیب گروپ نے 135 ارب روپے کی پیشکش کر کے نیلامی جیت لی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا یہ عمل ملک میں نجی شعبے کی شمولیت اور قومی اداروں کی بحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔