اسلامیہ یونیورسٹی کے ڈاکٹر اظہر حسین نے چین میں عالمی تربیتی پروگرام مکمل کر لیا
یوتھ ویژن نیوز : (محکمہ تعلقاتِ عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اظہر حسین نے چین میں 7 سے 21 دسمبر 2025 تک جاری رہنے والا پندرہ روزہ بین الاقوامی پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جس کا عنوان “مستقبل کے لیے تیار تعلیمی قیادت: اعلیٰ تعلیم میں گورننس انوویشن اور اے آئی انٹیگریشن” تھا، اس پروگرام میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔
تربیتی سرگرمیوں کے دوران شرکا نے چین کی عالمی شہرت یافتہ جامعات بشمول Peking University کے مطالعاتی دورے بھی کیے، جہاں انہیں تحقیقی ماڈلز، تدریسی نظام، ڈیجیٹل لرننگ اور ادارہ جاتی انتظامی ڈھانچوں کے بارے میں براہِ راست آگاہی دی گئی، اس کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے چین کے تاریخی ورثے اور سماجی نظام کا بھی مشاہدہ کرایا گیا۔
تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب بیجنگ میں China Association of Higher Education کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جہاں بین الاقوامی تعلیمی شخصیات نے خطاب کیا اور شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں، ڈاکٹر اظہر حسین اس پروگرام میں پاکستان کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے پچیس رکنی وفد کا حصہ تھے، جسے تعلیمی حلقوں میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں بڑھتے تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔