پاکستان میں کرپٹو ریگولیشن کے حوالے سے اہم پیش رفت
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عاقب قریشی سے) پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے حوالے سے ریگولیٹری سطح پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے.
اسلام آباد میں کرپٹو ریگولیشن کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات کی عالمی دوڑ میں تیزی سے آگے بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے اقدامات کے باعث پاکستان بین الاقوامی ڈیجیٹل مارکیٹ کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جبکہ کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اصلاحات جاری ہیں۔
اسی تناظر میں اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے سابق بائننس سی ای او چانگ پینگ ژاؤ اور بلاک چین پلیٹ فارم TRON کے بانی جسٹن سن سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں محفوظ اور منظم کرپٹو اپنانے، نوجوانوں کے لیے مواقع اور اسٹاک مارکیٹ کی ٹوکنائزیشن جیسے امور زیرِبحث آئے۔
عالمی کرپٹو رہنماؤں کے مطابق پاکستان میں کرپٹو صارفین کی تعداد نمایاں ہے اور درست ریگولیٹری فریم ورک عالمی سرمایہ کاری کو متوجہ کر سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاری، ریمیٹنس اور مالیاتی شفافیت میں بہتری آئے گی، جبکہ پاکستان کی معیشت ڈیجیٹل بنیادوں پر مزید مستحکم ہو سکے گی۔