صدرِ مملکت کی انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد
یوتھ ویژن نیوز : (مظہر اسحاق چشتی سے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دی، نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔
اسلام آباد میں جاری بیان میں آصف علی زرداری نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں بھارت کے خلاف فتح نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور عزم کی واضح عکاسی ہے، جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد
صدرِ مملکت نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف خوشی کا باعث ہے بلکہ آنے والے عالمی مقابلوں کے لیے امید کی کرن بھی ہے۔ ان کے مطابق کپتان اور کھلاڑیوں نے دباؤ میں بہترین کھیل پیش کیا اور قومی پرچم سر بلند کیا۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور اس کی قیادت، خصوصاً چیئرمین محسن نقوی اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ صدر نے کہا کہ قوم کی دعائیں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں اور وہ مستقبل میں بھی ایسی کامیابیاں سمیٹیں گے۔