پاکستان میں ابابیل فورس قائم کردی گئی

پشاور۔ (واصب ابراہیم غوری سے):وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے امن امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے”ابابیل فورس“کے نام سے نئی فورس قائم کردی ہے،

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بدھ کو فورس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، تھانوں میں عوام کو سہولت کی فراہمی کے لیے آسان انصاف مراکز کا قیام اور عوام کی رہنمائی ومدد کے لیے مددگار تعینات کرنے کابھی فیصلہ کیا ہے ،بلدیاتی انتخابات میں 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہونگے ۔

منگل کو وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمدعلی سیف نے اطلاع سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں امن عامہ کے حوالے سے وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس منعقدہوا جس میں پولیس حکام نے متعلقہ علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی صورت حال کاجائزہ لیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سترہ اضلاع کے نو ہزارپولنگ سٹیشن اور77 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دینگے، حساس پولنگ سٹیشنوں پرنو, بی کیٹگری پر چار اورسی میں تین اہلکارہونگے۔ کوئک رسپانس فورس اہلکاربھی موجودرہیں گے۔ بیرسٹرمحمدعلی سیف نے کہا کہ اس سال نومبر کے مہینہ میں پولیس نے صوبہ میں آئس 77کلو, ہیروین 127کلو اور شراب 1900لیٹر اور ڈھائی ہزار کلوچرس پکڑی، وزیراعلی نے آئس کی رووک تھام کی ہدایت کی اورمقدمات کی مناسب پیروی کاکہا،وزیر اعلی نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کی بھی ہدایت کی ہے،

محکمہ سماجی بہبود اس سلسلے میں کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 182593غیرقانونی ہتھیار پکڑے گئے، وزیراعلی بدھ کے روزجس ابابیل سکواڈ کاافتتاح کررہے ہیں وہ جرائم کی صورت میں سب سے پہلے کرائم سین پرپہنچیں گے،ان اہلکاروں کو200 موٹرسائیکل دے رہے ہیں جبکہ ان کے یفارم میں کیمرے بھی لگے ہونگے، پشاورسے 400 اہلکاروں سے آغازہوگا اور بعد میں مزید چھ بڑے شہروں تک اس کادائرہ بڑھایاجائے گا،تھانہ کلچر تبدیل کرنے کے لیے آسان انصاف مراکز میں تبدیل کیے جائیں گے،تھانوں میں عوام کی رہنمائی اور مدد کے لیے مددگار تعینات کیے جائیں گے،228 مددگار تعینات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالےسے دوپولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تحقیقات اورمزید اہلکاروں کاتحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اس وقت پولیومہم کے دوران ڈھائی لاکھ اہلکار تعینات ہیں، مندنی چارسدہ واقعہ کے حوالے سے روک تھام کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ملزم کے مکمل طبی معائنہ کاکہاگیاہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے سیز فائرخاتمہ کے اعلان سے خدشات پرانتظامیہ کوالرٹ کردیاگیاہے، اس سلسلے میں اجلاس میں بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانا پولیس اور دیگر سول قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی ذمہ داری ہے تاہم ضرورت پڑنے پر الیکشن کمیشن مانیٹرنگ کے لیے فوج کوبلاسکتی ہے لیکن فی الحال ایسی کوئی بات نہیں، حساس علاقوں یااضلاع کاابھی تعین نہیں کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی نفری اور وسائل کے مطابق بہترین کام کررہی ہے، الیکشن کمیشن کے حوالے سے آج کااجلاس نہیں تھا بلکہ معمول کااجلاس تھا، الیکشن کمیشن ہمارے ساتھ رابطہ میں ہے، مددگار پولیس اہلکارہی ہونگے جو سول ڈریس میں ہونگے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت اصلاحات اسی لیے لارہی ہے تاکہ پولیس کارویہ تبدیل ہوسکے، پولیس اہلکاروں کے اگر کوئی عقوبت خانے موجود ہیں توان کی معلومات دی جائیں کاروائی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں