وزیراعلیٰ مریم نواز کا سخت نوٹس—کم عمر طلبہ کی گرفتاری ممنوع

maryam-nawaz-stops-arrest-of-underage-students-traffic-laws-helmet-warning

یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصؤصی امجد محمود بھٹی سے) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کم عمر طلبہ کی گرفتاری روک دی، پہلی خلاف ورزی پر وارننگ چالان ہوگا، 16 سالہ بچوں کیلئے لائسنس، ڈرون و باڈی کیم سسٹم متعارف۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کم عمر طلبہ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کرنے اور ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ بچوں کو نہ گرفتار کیا جائے اور نہ ہی تضحیک آمیز رویہ اپنایا جائے، تاہم قانون کی پاسداری ہر صورت ضروری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 16 سال کے بچوں کے لیے اسمارٹ کارڈ اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے،

جبکہ صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کو طلبہ اور شہریوں کے لیے ٹریفک آگاہی کا خصوصی ہفتہ منانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان ہوگا تاکہ شہریوں کو اپنی عادتیں بدلنے کا موقع دیا جا سکے، جبکہ ٹریفک نگرانی کے لیے پہلی بار ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کم عمر بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین سے متعلق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ بچوں کا قصور نہیں، ہم نے انہیں حفاظتی عادات خصوصاً ہیلمٹ پہننے کی تربیت ہی نہیں دی۔ انہوں نے زور دیا کہ سڑکوں پر جان کی حفاظت سب سے مقدم ہے اور ہر شہری کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، جبکہ ٹریفک پولیس کو عوام کی عزت نفس کا ہر صورت خیال رکھنے کا پابند کیا گیا ہے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر صوبے بھر میں پولیس کی 2445 گاڑیاں بھی قانون کی زد میں آئی ہیں، جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں