وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد ۔( ثاقب غوری سے )ذرائع کے مطابق اجلاس آج رات ساڑھے 8 بجے منعقد ہو گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا تھا جس میں کابینہ نے دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے تمام حقائق ارکان کے سامنے رکھے جائیں گے جبکہ دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کے لیے کابینہ نے کمیشن تشکیل دے دیا۔ جس کی سربراہی لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کریں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا منحرف اراکین ووٹ ڈال سکتے ہیں لیکن منحرف اراکین کا کیس تو سپریم کورٹ کے پاس تھا ہی نہیں۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اب نہیں رہی اور اب پارلیمان کی حاکمیت سپریم کورٹ کو منتقل ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور ہم فیصلے پر نظرثانی کے لیے بھی جائیں گے۔ یہ عمومی تحریک عدم اعتماد نہیں ہے اگر ہوتی تو ہم اسے ویلکم کرتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد بین الاقوامی سازش کے تحت لائی گئی اور کل سازش سے متعلق اصل ریکارڈ ممبران اسمبلی کے سامنے رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں