عمران خان کو اپنے جانے کی نہیں میرے آنے کی تکلیف ہے، شہباز شریف
اسلام آباد(عمران قذافی سے ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنے جانے کی نہیں بلکہ میرے آنے کی تکلیف ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا عمران خان کو یہ تکلیف نہیں کہ وہ جا رہے ہیں بلکہ انہیں یہ تکلیف ہے کہ شہباز شریف آ رہا ہے۔
بعد ازاں ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر آپ عالمی سازش کی بات کریں گے تو بات بہت دور تک جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرسوں پاکستان کی تاریخ میں تابناک دن تھا۔ نظریہ ضرورت کا سہارا لیا گیا،عدالت نے اس کو دفن کردیا۔سپریم کورٹ نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے غیر آئینی کام کو کالعدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پارلیمان سلیکٹڈ وزیر اعظم کو شکست فاش دینے جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اسپیکر یہ کارروائی چلائیں گے۔ آج آپ آئین اور قانون کے تحت سپریم کورٹ کے حکم پر کھڑے رہیں۔ خدارا آج آپ اسپیکر کا کردار ادا کر کے تاریخ میں نام لکھوا لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سینوں میں بھی پاکستانی دل دھڑکتا ہے۔اگر آپ سازش کی بات کریں گے تو بات بہت دور تک جائے گی۔