عدالت نےعمران خان پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا
یوتھ ویژن نیوز(مبشر بلوچ سے ) عدالت نے ہرجانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے ایڈیشنل سیشن جج آفتاب اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس کی سماعت کی۔ جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی پر 2ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
وکیل درخواست گزارہ غفران اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ درخواست گزارہ اور گواہان عدالت میں موجود ہے لیکن عمران خان کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
واضح رہےکہ عمران خان کے خلاف پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا کیس دائر کر رکھا ہے، کیوں کہ سینٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنے کے الزام پر پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔
فوزیہ بی بی نے سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کے الزامات پر عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس دائر کیا ہے، جس میں اب تک 5 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں
عدالت نے عمران خان کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی ہے