سمری مسترد، وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:(واصب ابراہیم غوری سے ) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ مفاد عامہ میں کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق افطار ڈنر میں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی نئی کابینہ کے حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت بھی کی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی فلاح کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے، وفاقی کابینہ جلد حلف اٹھائے گی، پوری کوشش ہوگی کہ حلقوں میں عوام کے مسائل حل کیے جائیں۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب مل کر چیلنجز سے نمٹیں گے، میں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے، عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ مفادعا مہ کیلئے کیا، گزشتہ حکومت نے رمضان المبارک میں غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر بوجھ خود برداشت کرے گی۔