رمضان کا چاند دیکھنے کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع
پشاور:( عمران قذافی سے ) رمضان المبارک 1443 ہجری کے چاند کی تلاش کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا۔
یوتھ ویژن نیوز کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس چارسدہ روڈ پشاور پر قائم محکمہ اوقاف کے دفتر میں ہورہا ہے۔
علاوہ ازیں رویت ہلال کمیٹی کی زونل اور اضلاعی کمیٹیاں اپنے اپنے مقامات بشمول مذہبی امور، کوہسار بلاک، اسلام آباد میں موجود ہیں۔
پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہورمیں ہورہا ہے۔ چاند کی رویت کے لیے محکمہ موسمیات اور سپارکو کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔
چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اپیل کی ہے کہ عوام الناس اور ادارے چاند کی رویت کی اطلاع مقامی انتظامیہ،زونل کمیٹی کودیں۔
دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے آج رمضان المبارک کاچاند واضح طورپر نظرآنے کی پہلے ہی پیش گوئی کردی ہے۔