بھٹہ خشت پر جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے جا رہے ڈپٹی کمشنر لودھراں کیپٹن(ر) شعیب علی
لودھراں (محمد نعمان سے )ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے کہاہے کہ بھٹہ خشت پر جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کو خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جبری مشقت کے خاتمہ کے حوالے سے مارے گئے چھاپوں کے دوران پکڑے جانے والے بچوں کو ہنگامی بنیادوں پر سکولوں میں داخل کروایا جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیک محمد کو خصوصی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ماحول دوست پالیسی کے تحت ضلع بھر میں تمام بھٹہ جات کو جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیاہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلعی ویجی لینس کمیٹی برائے انسداد جبری مشقت، چائلڈ لیبر و بھٹہ خشت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اشرف صالح،ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر مسعود الحق،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نعمان مسعود خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر سید ندیم وقار، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیک محمد، چیف آفیسر تحصیل کونسل سعید احمد، عبدالستار، حق نواز، ظفر رحمانی،سمیت دیگر ممبران کمیٹی کے دیگر ممبران موجود تھے۔ اجلاس میں بھٹہ خشت پر جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ ماہ میں بھٹہ جات پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے 11چھاپے مارے گئے اور 2 مقامات پر چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی جن کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے 52مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 3خلاف ورزیوں پر مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق کم سے کم ماہانہ اجرت کی ادئیگی کیلئے 176معائنے کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فیکٹریز اور شاپس ایکٹ کے تحت20چالان کیئے گئے۔ اجلا س کو بتایا گیاکہ 6چالان کا فیصلہ ہو چکا ہے جن پر مجموعی طور پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ مالکان سے کہا کہ وہ مقررہ اجرت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی کی نوبت نہ آئے۔انہوں نے سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء کے لئے بھٹہ مالکان کو اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی پرزور دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ پیش رفت میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے دو طرفہ مفادات کا خیال رکھا جائے گا اس سلسلے میں کسی سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم لیبر قوانین کی مکمل پابندی کی جائے۔انہوں نے محکمہ لیبر کی رپورٹ پر ہدایت کی کہ چائلڈ لیبر قوانین پر ہر ممکن صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور بچوں سے مزدوری ومشقت کرانے والوں کا قبلہ درست کیا جائے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر سید ندیم وقار نے محنت کشوں کی فلاح وترقی کے لئے محکمانہ اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بھٹہ مالکان اور مزدوروں نے اجرت سے متعلق مسائل کے بارے میں اپنا اپناموقف بھی پیش کیا۔