اوپن اے آئی کا حیران کن نیا منصوبہ سامنے آگیا
یوتھ ویژن نیوز : (عفان گوہر نمائد خصوصی برائے ٹیک انفارمیشن) اوپن اے آئی نے اعلان کیا کہ چیٹ جی پی ٹی میں بالغ مواد کا فیچر صرف شناخت شدہ صارفین کیلئے دستیاب ہوگا، عمر تصدیق سسٹم 2025 میں متعارف کرایا جائے گا۔
معروف ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے تصدیق کی ہے کہ اگست 2025 میں مواد سے متعلق سخت پابندیاں نافذ کیے جانے کے بعد چیٹ جی پی ٹی کے استعمال میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، خاص طور پر ایسی پالیسیوں کے بعد جن کا مقصد نوعمروں کو خودکشی جیسے حساس موضوعات اور بالغ مواد تک رسائی سے روکنا تھا۔
دی انفارمیشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق کمپنی جلد ہی چیٹ جی پی ٹی کے لیے عمر کی تصدیق کا نیا سافٹ ویئر متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے بعد شناخت شدہ بالغ صارفین کو وسیع تر موضوعات، بشمول ایسے مباحث جن پر پہلے پابندی تھی، کی اجازت دی جا سکے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پابندیوں سے قبل بعض بالغ صارفین چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ رومانوی نوعیت کی گفتگو بھی کرتے رہے، حالانکہ وہ جانتے تھے کہ یہ ایک حقیقی انسان نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت ہے۔
اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ عمر تصدیقی فیچر دسمبر 2025 میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ عمل رضاکارانہ ہوگا یا خودکار۔ دوسری جانب گوگل سمیت کئی کمپنیوں نے نابالغ صارفین کی حفاظت کے لیے پہلے ہی ایسے حفاظتی سسٹم نافذ کر رکھے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بالغ صارفین کو زیادہ آزادی فراہم کرنے سے پلیٹ فارم پر ان کی واپسی بڑھ سکتی ہے اور مجموعی یوزر بیس میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ جولائی تک مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ صارفین ChatGPT Plus اور ChatGPT Pro کے سبسکرائبر تھے، جو کل یوزرز کا صرف 5 فیصد بنتے ہیں، جبکہ کمپنی کا ہدف ہے کہ 2030 تک یہ شرح 8.6 فیصد تک پہنچ جائے اور سالانہ فعال صارفین میں کم از کم 22 کروڑ ادائیگی کرنے والے شامل ہوں۔
اس کے باوجود کہ فری یوزرز کی رسائی محدود نہیں، پریمیم سبسکرائبرز کو زیادہ ماڈلز، وسیع فیچرز اور بہتر استعمال کی حد فراہم کی جاتی ہے۔ پابندیوں کے باوجود چیٹ جی پی ٹی تحقیق، کوڈنگ، پروفیشنل ورک فلو اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے دنیا بھر میں ایک مؤثر ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔