امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ نمایاں تصؤیر

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے، جہاں ان کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔ یہ آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسلام آباد خطے میں امن اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں، جو مذاکراتی عمل میں امریکی مؤقف کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان نے دیرپا امن کے لیے امریکی عزم کو سراہا

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے امریکہ کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات میں شریک ہوں گے تاکہ کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

پاکستان کی سہولت کاری جاری رکھنے کا اعادہ

پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کی سہولت کاری جاری رکھے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کی ایک اہم کوشش تصور کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد عالمی سفارتکاری کا مرکز

امریکی وفد کی آمد کے بعد اسلام آباد میں سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی متوقع ہے، جہاں پہلے ہی ایرانی وفد کی موجودگی خطے میں ایک بڑے امن عمل کی بنیاد بن چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان اس وقت ایک ذمہ دار اور مؤثر ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں